ADVOCATE

وكالت كا پيشہ اختيار كرنا


By. Saima Anwar

وكالت كا پيشہ فى ذاتہ حرام نہيں؛ كيونكہ اس پيشہ ميں اللہ تعالى كى نازل كردہ كے علاوہ كى تنفيذ نہيں، بلكہ يہ تو مقدمہ ميں وكالت اور نيابت ہے، جو كہ جائز وكالت ميں شامل ہوتى ہے، ليكن وكيل كو چاہيے كہ وہ مقدمہ لڑنے سے قبل اس معاملہ كو اچھى طرح ديكھ لے كہ آيا وہ صحيح بھى ہے يا نہيں، اور اگر وہ دعوى سچا ہو اور اس كا حق مسلوب ہوا ہو اور اس پر واقعتا ظلم ہوا ہو تو پھر آپ كے اس كى جانب سے مقدمہ لڑنا اور اسے اس كا حق دلانا، اور اس سے ظلم كا خاتمہ كرناجائز ہے، اور يہ نيكى و بھلائى ميں تعاون ميں شامل ہو گا.
ليكن اگر وہ مقدمہ اور معاملہ ايسا ہے جس ميں كسى دوسرے كا حق سلب كيا جارہا ہو اور ان پر زيادتى ہوتى ہو تو پھر آپ كے ليے وہ مقدمہ لڑنا جائز نہيں، اور نہ ہى اس مقدمہ كى وكالت قبول كرنى جائز ہے؛ كيونكہ يہ ظلم و زيادتى اور گناہ و معصيت ميں تعاون شمار ہوتا ہے.
اللہ سبحانہ وتعالى نے گناہ و معصيت معاونت كرنے والے كو گناہ و سزا كى وعيد سناتے ہوئے فرمايا ہے:
﴿ اور تم نيكى و بھلائى كے كاموں ميں ايك دوسرے كا تعاون كرتے رہو اور گناہ و معصيت اور ظلم و زيادتى ميں ايك دوسرے كا تعاون نہ كرو، اور اللہ تعالى كا تقوى اختيار كرو، يقينا اللہ تعالى سخت سزا دينے والا ہے ﴾المآئدۃ ( 2 ).
آپ كے مزيد اطمنان كے ليے ہم اس مسئلہ ميں كچھ اہل علم كے فتاوى جات نقل كرتے ہيں:
1 - شيخ عبد العزيز بن باز رحمہ اللہ سے درج ذيل سوال دريافت كيا گيا:
وكالت كا پيشہ اختيار كرنے ميں شريعت اسلاميہ كا حكم كيا ہے ؟
شيخ رحمہ اللہ كا جواب تھا:
" وكالت كا پيشہ اختيار كرنے ميں مجھے تو كوئى حرج معلوم نہيں؛ كيونكہ يہ دعوى ميں وكالت اور اس كا جواب ہے، جبكہ وكيل حق كا متلاشى ہو، اور سب وكلاء كى طرح عمدا جھوٹ نہ بولے "
ديكھيں: فتاوى اسلاميۃ ( 3 / 505 ). 2 - شيخ صالح الفوزان حفظہ اللہ سے دريافت كيا گيا:
وكالت كے پيشہ كے متعلق آپ كى رائے كيا ہے، ميں عدالت ميں ان تجارتى مقدموں كى پيروى كرتا ہوں جن ميں سود كا شبہ ہوتا ہے
شيخ كا جواب تھا: " بلا شك كسى دوسرے كى جانب سے مقدمہ ميں نيابت كرنے ميں كوئى حرج والى بات نہيں، ليكن مقدمہ كى نوعيت كو ديكھا جائيگا : 1 - اگر تو وہ حق ہو اور نائب تو صرف اپنے پاس پائے جانے والے حقائق پيش كرے جس ميں كوئى جھوٹ اور جعل سازى اور حيلہ بازى نہ ہو، اور وہ صاحب مقدمہ كى نيابت كر رہا ہو تا كہ اس كے دعوى كے دلائل پيش كر سكے، يا ان كے ساتھ اس كا دفاع كرے تو اس ميں كوئى حرج نہيں. 2 - ليكن اگر وہ معاملہ اور مقدمہ باطل ہو، يا پھر نائب اور وكيل كسى باطل چيز كے ليے لڑ رہا ہو تو يہ جائز نہيں.
اللہ سبحانہ وتعالى اپنے نبى صلى اللہ عليہ وسلم كو فرماتے ہيں:
﴿ اور آپ خيانت كرنے والوں كے حمايتى نہ بنيں ﴾النساء ( 105 ). اور ہم سب يہ جانتے ہيں كہ اگر مقدمہ اور معاملہ حق ہو اور اس ميں كسى بھى قسم كا جھوٹ اور فراڈ استعمال نہ كيا گيا ہو تو اس ميں كوئى حرج نہيں، خاص كر جب معاملہ والا كمزور ہو اور اپنا دفاع نہ كر سكتا ہو، يا اپنے حق كو ثابت كرنے كے ليے دعوى نہ كر سكتا ہو، تو كسى اور شخص كا نائب بننا جو اس سے طاقتور ہو شرعا جائز ہے. اللہ سبحانہ وتعالى كا فرمان ہے:
﴿ تو اگر وہ جس پر حق ہے وہ بے وقوف ہو يا كمزور يا وہ لكھوانے كى استطاعت نہ ركھتا ہو تو اس كا ولى عدل و انصاف كے ساتھ لكھوائے ﴾.
تو كسى كمزور اور ضعيف شخص كا حق دلوانے كے ليے، يا پھر اس سے ظلم كو روكنے كے ليے اس كا نائب بننا ايك اچھى چيز ہے، ليكن اگر معاملہ اس كے خلاف ہو يعنى اس مقدمہ ميں كسى باطل كى معاونت ہوتى ہو، يا پھر ظلم كا دفاع كيا جائے، يا كھوٹى اور جعلى دلائل پيش كيے جائيں اور وكيل يا نائب جانتا ہو كہ يہ مقدمہ اصل ميں باطل ہے، اور كسى حرام كام مثلا سود وغيرہ ميں نيابت كرنى جائز نہيں. اس ليے كسى بھى مسلمان شخص كے ليے جائز نہيں كہ وہ كسى باطل ميں نائب يا وكيل بنے، اور نہ ہى سودى معاملات ميں وكالت كرنى چاہيے كيونكہ يہ سود كھانے ميں معاونت ہے، اور لعنت ميں شامل ہوتى ہے.
ديكھيں: المنتقى من فتاوى الفوزان ( 3 / 288 ). دوم:
اور يہ كہ آپ ايسے ملك ميں رہتے ہيں جہاں اللہ تعالى كى شريعت كے مطابق فيصلے نہيں ہوتے، اور بشرى قوانين كا نفاذ ہے، اس كا معنى يہ نہيں كہ وكالت كا پيشہ حرام ہے، ليكن شرط يہ ہے كہ وكالت كا پيشہ اس ليے اختيار كيا جائے كہ حق كا حصول كيا جائے، اور لوگوں سےظلم روكا جائے، كيونكہ مظلوم شخص اپنا حق حاصل كرنے كے ليے ان بشرى قوانين كے مطابق فيصلہ كروانے پر مجبور ہے، وگرنہ لوگ ايك دوسرے كو كھا جائيں، اور معاشرہ ميں بدنظمى پيدا ہو جائے.
ليكن اگر قانون نے اس كے حق ميں اس كے حق سے زيادہ فيصلہ ديا تو پھر اس كے ليے زيادہ لينا حرام ہے، بلكہ وہ صرف اپنا حق لے سكتا ہے، اور اپنا حق لينے اور ظلم روكنے كے ليے ان قوانين كا سہارا لينے ميں مظلوم كو كوئى گناہ نہيں، اور نہ ہى وكيل پر كوئى گناہ ہے جو مقدمہ ميں اس كى طرف سے نيابت كر رہا ہے تا كہ ان قوانين كے مطابق فيصلہ كيا جائے، بلكہ گناہ تو اس پر ہے جس نے اللہ كى شريعت كے بدلے ان قوانين كو لاگو كيا اور لوگوں پر اسے لازم كيا اور اس كے مطابق فيصلہ كروانے كا كہا ہے.
ابن قيم رحمہ اللہ تعالى نے اپنى كتاب " الطرق المكميۃ " كے صفحہ نمبر ( 185 ) ميں اس كى طرف اشارہ بھى كيا ہے.
اس ليے ہم آپ كو يہ پيشہ ترك كرنے كى نصيحت نہيں كرتے، بلكہ ہم آپ كو يہ نصيحت كرتے ہيں كہ آپ يہ كام جارى ركھيں، اور ہميشہ اپنا معيار بلند كرنے كے ليے كتابوں كا مطالعہ كريں، اور بڑے بڑے وكيلوں سے بھى تعليم حاصل كريں، كيونكہ لوگ ايك امانتدار اور مخلص وكيل كے محتاج ہيں جو ان كے مقدمات لڑے اور انہيں ظلم سے بچائے اور ان كے حقوق ان كو واپس دلائے.
ليكن آپ كا ہميشہ مقصد يہ ہو كہ مظلوم كى مدد و نصرت اور معاونت كرنى ہے، اور اسے اس كا حق دلانا ہے، آپ كو خوشى ہونى چاہيے كہ نبى كريم صلى اللہ عليہ وسلم كا فرمان ہے:
" جو شخص كسى مظلوم شخص كے ساتھ چلا حتى كہ اس كا حق اسے مل جائے تو اللہ تعالى اس كے قدم پل صراط پر ثابت ركھے گا جس روز قدم ڈگمگا جائينگے "
اسے ابن ابى الدنيا نے روايت كيا ہے، اور علامہ البانى رحمہ اللہ نے صحيح الترغيب ميں حسن قرار ديا ہے.
واللہ اعلم


 
Sindh Law College Online Magazine
 
Sindh Law College Online Magazine
 
 
Today, there have been 20 visitors (25 hits) on this page!
Site Developed by Sayed Khadim Ali Shah LL.B. Part-II (2008-2009) khadimsayed@yahoo.com & sayedkhadim@hotmail.com This website was created for free with Own-Free-Website.com. Would you also like to have your own website?
Sign up for free